لاہور: پاکستان میں کورونا سے مزید 46 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار 841 ہو گئی ہے ۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے مطابق ایک ہزار 664 نئے کیس رپورٹ ہونے کے بعد ملک بھر میں کورونا سے متاثرین کی مجموعی تعداد 12 لاکھ ، 48 ہزار ، 202 تک جا پہنچی ہے ۔ جبکہ 3 ہزار 511 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔
این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 51 ہزار 796 کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے مثبت کیسز کی شرح 3.21 فیصد رہی ۔
سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ جاری ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے 524 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ صوبہ بھر میں کورونا کے کیسز کی ٹوٹل تعداد 432,191 ہو گئی ۔ گزشتہ روز لاہور میں کورونا سے 10 اموات رپورٹ ہوئیں ۔
سیکرٹری عمران سکندر بلوچ کا کہنا ہے کہ کورونا کیسز میں اضافے کے پیشِ نظر مختلف سیکٹرز کے اسپیشل ایس او پیز جاری کر دیے ہیں ۔ تمام شہری خاص طور پر کورونا کی مکمل احتیاط ملحوظ خاطر رکھیں ۔ صرف اور صرف ویکسینیشن ہی کورونا وائرس کے خلاف واحد اور موثر علاج ہے ۔ 12 سال سے زیادہ عمر کے تمام افراد کا فوری طور پر ویکسین لگوانا ناگزیر ہے ۔ اب تک صوبہ بھر میں 402,874 مریض مکمل طور پر صحت یاب ہو چکے ہیں ۔
تبصرے بند ہیں.