مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی عوام کے ہم آواز، پیٹرول کی قیمتیں کم کرنے کا مطالبہ

191

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگا کر آنے والے حکمرانوں نے عوام کے حالات زندگی تبدیل کرکے انھیں غریب بنا دیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے عوام کو خود کشی پر مجبور کر دیا ہے۔ ظالم حکومت مہنگائی کی چھری سے عوام کا گلا کاٹ رہی ہے۔ یہ لوگ قوم کو 46 روپے لیٹر پٹرول دینے کے سبز باغ دکھاتے رہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے ہفتہ وار بم گرا کر عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔ ظالم حکمرانوں سے نجات سے ہی مہنگائی کا طوفان روکا جا سکتا ہے۔ پٹرولیم اور ایل پی جی مصنوعات میں اضافے کا مطلب آٹے، چینی، بجلی اور گیس سمیت ہر چیز کی قیمت بڑھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر روز قیمتوں میں اضافے سے ثابت ہو رہا ہے کہ حکومت نے جعلی اور جھوٹا بجٹ قوم پر مسلط کیا۔ عوام کی بس ہو چکی ہے، یہ ظلم وہ مزید برداشت کرنے کے قابل نہیں، قوم پر رحم کیا جائے، عوام دو وقت کی روٹی سے محتاج ہو چکے ہیں۔

پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ تباہی سرکار ہر دوسرے دن عوام پر پٹرول بم گرا رہی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے سامنے جھک گئی جس کا خمیازہ عوام کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ نیر بخاری کا کہنا تھا کہ حکومت کا پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ کرنا عوام کو خود کشیوں پر مجبور کرنے کے مترادف ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور قیمتوں میں اضافہ فوری واپس لے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ تاجروں سے لے کر طلبہ تک حکومت کے خلاف پر طبقہ سڑک پر آ چکا ہے لیکن حکومت ٹس سے مس ہونے کو تیار نہیں ہے۔

تبصرے بند ہیں.