پی ٹی آئی نے حکومت پر گولیاں چلانے کا الزام لگایا، دوبارہ سڑکوں پر آنے کی دھمکی

107

اسلام آباد:چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ 9 مئی کی صورتحال کا خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی مذاکرات کے ذریعے اپنے ساتھ ہونے والے ظلم کا حساب چاہتی ہے اور اگر حکومت نے مذاکرات کا راستہ نہ دیا تو پی ٹی آئی دوبارہ سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو جائے گی۔

بیرسٹر گوہر نے حکومت پر الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں، جو کسی بھی جمہوری ملک میں پرامن مظاہرین کے ساتھ نہیں ہوتا۔ انہوں نے وزیر دفاع کی طرف سے دیے گئے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس بات کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ گولی چلائی گئی تھی۔

پی ٹی آئی کے رہنما شیر افضل مروت نے بھی حکومت کی طرف سے کیے گئے ظلم کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کے واقعات میں بھی پی ٹی آئی کے کارکنوں پر گولیاں چلائی گئیں اور حکومت کے ارکان نے مسلسل پشتونوں کے ساتھ زیادتیاں کیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے ارکان کے خلاف جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں اور انہیں عدالتوں کے چکر لگانے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ حکومت نے نہ صرف پی ٹی آئی کے کارکنوں کو مارا، بلکہ ان کی املاک کو بھی لوٹا۔

تبصرے بند ہیں.