چینی کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ، ایکس مل قیمت 10 روپے فی کلو بڑھ گئی

144

لاہور: ملک میں چینی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے، جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گزشتہ 20 دنوں میں چینی کی ایکس مل قیمت 115 روپے فی کلو سے بڑھ کر 125 روپے فی کلو ہوگئی ہے، جب کہ چھوٹے دکانداروں نے چینی کی قیمت 125 روپے سے بڑھا کر 140 روپے فی کلو تک کر دی ہے۔

 

شوگر ڈیلرز نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا گیا تو صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے۔ لاہور میں شوگر ڈیلرز کا کہنا ہے کہ کرشنگ سیزن کے دوران چینی کی قیمتوں میں اضافہ غیر معمولی ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ چینی کی برآمد اور گزشتہ سال کے مقابلے میں 6 سے 7 لاکھ ٹن کم پیداوار کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جس کے باعث  مصنوعی قلت پیدا کی جا رہی ہے۔

 

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے 7 لاکھ 90 ہزار ٹن چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی، جس میں سے 3 لاکھ 77 ہزار ٹن چینی برآمد ہو چکی ہے۔ 30 نومبر تک ملک میں چینی کا اسٹاک 7 لاکھ 66 ہزار میٹرک ٹن تھا، جس میں سے 4 لاکھ 13 ہزار میٹرک ٹن چینی درآمد کی جانی تھی۔ تاہم نومبر کے آخری دو ہفتوں میں یومیہ کرشنگ پیداوار صرف 13 ہزار ٹن رہی، جبکہ ملک میں روزانہ کی کھپت 18 سے 20 ہزار ٹن ہے۔

تبصرے بند ہیں.