بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر تشدد فسطائیت کی انتہاء ہے: شہباز شریف

198

لاہور : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر لاٹھی چارج اور بدسلوکی کی شدید مذمت ، کہا بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر تشدد اور انہیں اجلاس میں شرکت سے روکنا فسطائیت کی انتہاء ہے ۔

اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ انتشار اور جبر کے ہتھکنڈے غیر جمہوری ، غیر پارلیمانی اور غیر سیاسی ہیں ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بدقسمتی سے جمہوری احتجاج ، اختلاف رائے اور تنقید کو ذاتی دشمنی بنا دیا ہے ۔ پہلے قومی اسمبلی میں غیر جمہوری رویہ اپنایا گیا ، اب یہی رویے بلوچستان اسمبلی میں نظر آرہے ہیں ۔

قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں یہ انتشار اچھی چیز نہیں ، ارکان اسمبلی کی عزت اور وقار کی پامالی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان کے جائز مطالبات اور محرومیوں کو دور کیا جائے ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ حکومت ارکان اسمبلی کی بات سنے کیونکہ لاٹھی چارج کرنا اور اجلاس میں شرکت سے روکنا مسئلے کا حل نہیں لہذا دونوں اطراف تحمل اور بالغ نظری کا مظاہرے کریں ۔

تبصرے بند ہیں.