این آر او نہ دینے کا دعویٰ کرنے والوں نے جہانگیر ترین کو این آر او دیدیا: رانا ثناءاللہ

146

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا کہ این آر او نہ دینے کا دعویٰ کرنے والوں نے بجٹ پاس کرانے کیلئے جہانگیر ترین کو این آر او دیدیا ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ حکومت پر خوب گرجے برسے ، کہا تحریک انصاف کی حکومت نے تین سال پورے کر لئے لیکن عوام کو سوائے مہنگائی کے کچھ نہیں مل سکا ، نیب کیسز سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ انتقامی کارروئیاں ہیں ، نیب سے کچھ نہ بن سکا تو اب ایف آئے اے کو بھی اس کام پر لگا دیا ہے ۔ لیگی رہنما نے کہا عمران نیازی کا احتساب ڈرامہ پوری طرح ذلیل و رسوا ہو چکا ہے ۔

اس سے قبل اپنے بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر لاٹھی چارج اور بدسلوکی کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان پر تشدد اور انہیں اجلاس میں شرکت سے روکنا فسطائیت کی انتہاء ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ انتشار اور جبر کے ہتھکنڈے غیر جمہوری ، غیر پارلیمانی اور غیر سیاسی ہیں ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بدقسمتی سے جمہوری احتجاج ، اختلاف رائے اور تنقید کو ذاتی دشمنی بنا دیا ہے ۔ پہلے قومی اسمبلی میں غیر جمہوری رویہ اپنایا گیا ، اب یہی رویے بلوچستان اسمبلی میں نظر آرہے ہیں ۔

قائد حزب اختلاف نے مزید کہا کہ بلوچستان اسمبلی میں یہ انتشار اچھی چیز نہیں ، ارکان اسمبلی کی عزت اور وقار کی پامالی قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن ارکان کے جائز مطالبات اور محرومیوں کو دور کیا جائے ۔

صدر ن لیگ نے کہا کہ حکومت ارکان اسمبلی کی بات سنے کیونکہ لاٹھی چارج کرنا اور اجلاس میں شرکت سے روکنا مسئلے کا حل نہیں لہذا دونوں اطراف تحمل اور بالغ نظری کا مظاہرے کریں ۔

 

تبصرے بند ہیں.