ممبئی: بھارتیہ جنتا پارٹی کی وزیر اور سابق ٹیلی ویژن اداکارہ سمرتی ایرانی کو ’’دی کپل شرما شو‘‘ کے سیٹ پر داخلے سے روک دیا گیا۔
بھارتی وزیر برائے ترقی انسانی وسائل سمرتی ایرانی اپنی کتاب کی تشہیر کے لیے ’’دی کپل شرما شو‘‘ کے سیٹ پر شو ریکارڈ کروانے پہنچیں، سیٹ کے مرکزی دروازے پر کھڑے محافظ نے ان کی گاڑی کو اندر جانے سے روک دیا۔ محافظ نے کہا کہ آپ کی آمد کا ہمیں نہیں بتایا گیا اور بحیثیت وزیر آپ کی سیکیورٹی کے لیے خاص انتظامات نہیں کیے گئے لہٰذا آپ کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے سکتے۔
سمرتی ایرانی 30 منٹ تک سیٹ کے باہر اپنی گاڑی میں بیٹھی انتظار کرتی رہیں لیکن شو انتظامیہ نے ان سے رابطہ نہیں کیا۔ سمرتی ایرانی کے چلے جانے کے بعد جب یہ معاملہ شو کے میزبان کپل شرما کے علم میں آیا تو انہوں نے محافظ پر شدید غصہ کیا اور سمرتی ایرانی سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے معذرت کی۔
کپل شرما نے سمرتی ایرانی کو سیٹ پر واپس آنے کی درخواست مگر انہوں نے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ان کی فلائٹ کا وقت ہوچکا ہے۔
تبصرے بند ہیں.