راولپنڈی : ترجمان پاک فوج نے کہا ہے کہ پشاور کور کمانڈر پشاور کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کے حوالے سے اہم سینئر سیاستدانوں کے حالیہ بیانات انتہائی نامناسب ہیں ۔ پشاور کور پاکستان آرمی کی ایک ممتاز فارمیشن ہے۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو پشاور کور دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف قومی جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے،اس اہم کور کی قیادت ہمیشہ بہترین پروفیشنل ہاتھوں میں سونپی گئی ہے۔
سیاستدانوں کے ایسے بیانات سپاہ اور قیادت کے مورال اور وقار پر منفی طور پر اثر انداز ہوتے ہیں۔توقع ہے کہ سینئر قومی سیاسی قیادت ادارے کے خلاف ایسے متنازعہ بیانات سے اجتناب کرے گی ۔
دریں اثنا ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے کہا کہ کچھ روز سے سیاستدانوں کی طرف سے نامناسب باتیں کی جا رہی تھیں ابھی ہم نے تفصیلی بیان جاری کیا ہے۔ ہم بار بار درخواست کر رہے ہیں کہ فوج کو سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے جتنے ضمنی انتخابات اور بلدیاتی انتخابات ہوئے ہیں فوج نے خود کو ان معاملات سے علیحدہ کیا ہے اور اس بات کا اعتراف سیاستدانوں کی طرف سے کیا جا رہا ہے ۔ سیاستدانوں کی طرف سے فوج سے الیکشن کرانے کے مطالبات کرنا بھی مناسب نہیں ہیں۔
میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ لانگ مارچ کے حوالے سے کچھ نہیں کہوں گا تاہم ملک کی سیکورٹی کے لیے پاکستان کی افواج مستعد ہے۔
تبصرے بند ہیں.