کراچی میں ضلع وسطی کے کئی علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ

27

کراچی: شہر قائد میں کورونا کیسز میں اضافے کے باعث ضلع وسطی کے کئی علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جو 5 فروری تک جاری رہے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ شہر قائد میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کے باعث ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی سفارش پر سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا۔ 
محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے ان میں گلبرگ، لیاقت آباد، نارتھ کراچی اور نارتھ ناظم آباد شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کے پھیلاؤ میں نمایاں اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا جو 5 فروری تک رہے گا۔ 
واضح رہے کہ ملک میں کورونا کی پانچویں لہر میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث گزشتہ روز جان لیوا وائرس نے 20 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ساڑھے سات ہزار سے زائد نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.