پشاور: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی شبلی فراز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں زیادہ تر علاقوں میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا مقابلہ پی ٹی آئی سے ہوا اور اگر ایسا نہ ہو تا تو ہم 14 اضلاع میں کامیاب ہوسکتے تھے۔
صوبائی دارالحکومت پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک مقبول پارٹی ہے جس نے بہت سے لوگوں کو ٹکٹ دئیے، بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی صورت میں ہمیں اپنی حکمت عملی تبدیل کرنے کا ایک موقع میسر آیا ہے جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے خامیوں کو دور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے سے ہم نے سبق حاصل کیا ہے اور دوسرے مرحلے کیلئے حکمت عملی میں تبدیلی لانے کیساتھ ساتھ پارٹی کے نظم و ضبط کو ہر صورت میں برقرار رکھیں گے، خوشی اس بات کی ہے کہ انتخابات پرامن طریقے سے ہوئے جبکہ جو واقعات ہوئے ہیں، وہ نہیں ہونے چاہئیں تھے۔
شبلی فراز نے کہا کہ خیبرپختونخواہ میں تحریک انصاف کے نچلے سٹرکچر کو متحرک کرتے ہوئے پارٹی ورکرز کو اوپر لائیں گے، تحریک انصاف کو کچھ جگہوں پر کامیابی ملنے کی وجہ کارکنوں کا متحرک نہ ہو نا تھا، ہمیں اس بات کا پتہ لگانا ہو گا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے تیار کردہ حکمت عملی میں کیا کمزوری رہ گئی۔
تبصرے بند ہیں.