کراچی : معروف عالم دین مولانا تقی عثمانی نے سیالکوٹ میں غیرملکی شہری کی ہلاکت پر ردعمل ظاہر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ توہین رسالت سنگین جرم ہے لیکن ملزم سے ارتکاب کے ثبوت بھی اتنے ہی مضبوط ہونے ضروری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ کی فیکٹری میں سری لنکن مینجر کی ہلاکت پر مولانا تقی عثمانی نے کہا کہ توہین رسالت انتہائی سنگین جرم ہے لیکن ملزم سے اس کے ارتکاب کے ثبوت بھی اتنے ہی مضبوط ہونے ضروری ہیں، کسی پر یہ سنگین الزام لگا کر خود ہی اسے وحشیانہ اور حرام طریقے سے سزا دینے کا کوئی جواز نہیں، سیالکوٹ کے واقعے نےمسلمانوں کی بھونڈی تصویر دکھاکر ملک وملت کو بدنام کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بدامنی کی فضا بہت تشویشناک ہے، حکومت طاقت کے استعمال کے بجائے تدبر سے کام لیتے ہوئے معاملہ پارلیمنٹ میں پیش کرے، احتجاج کرنے والے تشدد اور قومی املاک کو نقصان پہنچانےکے بجائے پرامن راستے اختیار کریں، فریقین پر لازم ہے کہ گستاخوں کے بجائے اپنا گھر تباہ کرنے سے پرہیزکریں ۔
تبصرے بند ہیں.