کراچی : سابق ٹیسٹ کرکٹر وسیم اکرم کی اہلیہ کراچی چڑیا گھر میں ناقص انتظامات پر برہم ہوگئیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم جانوروں کی حفاظت نہیں کرسکتے تو پھر ان کو رکھنے کا بھی حق نہیں ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے کراچی چڑیا گھر کی انتظامیہ کی نااہلی پر شدید ردعمل کا اظہا رکیا ہے اپنے سوشل میڈیا ٹوئیٹر اکاؤنٹ پر انہوں نے ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں کراچی کے چڑیا گھر میں جانوروں کو بھوک سے تڑپتے دیکھا جاسکتا ہے ۔
اپنے ٹویٹ پیغام میں شنیرا اکرم نے لکھا کہ یہ غلط ہے، یہ دل دہلا دینے والا ہے اور یقینی طور پر یہ ہماری تفریح کے لیے نہیں ہونا چاہئے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر جانوروں کو کھانا نہیں کھلا سکتے یا ان کی دیکھ بھال نہیں کرسکتے تو پھر ہم چڑیا گھر کے بھی مستحق نہیں ہیں ۔
شنیرا اکرم نے کہا کہ جانوروں کو کھانا کھلانے سے عملے کی تنخواہ کا کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی اس بات کا قابل قبول عذر ہے ۔
واضح رہے کہ کراچی چڑیا گھر کے ٹھیکیدار ( کنٹریکٹر ) نے چیک کیش نہ ہونے پر چڑیا گھر کے جانوروں کی خوراک کی سپلائی روک دی تھی ۔ مناسب اور وقت پر خوراک نہ ملنے سے کئی شیر ، چیتے ، بندر اور دیگر جانور لاغر ہوگئے تھے ۔
بعد ازاں چیک کیش ہونے پر کنٹریکٹر نے جانوروں کی خوراک بحال کردی تھی ۔
تبصرے بند ہیں.