اسلام آباد : پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف احتجاجی تحریک کے لئے سفارشات مرتب کرلیں۔ کل سربراہی اجلاس میں توثیق کے بعد ان کا اعلان کیا جائے گا۔ ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ کہتے ہیں لاہور کا جلسہ، لانگ مارچ، پہیہ جام ہڑتال، شٹرڈاون، دھرنا سب آپشنز پر غور کیا جارہا ہے ۔ پی ٹی آئی ایک مہلک بیماری ہے جس سے ملک کو نجات دلانی ہے۔
پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی کا کنوینرشاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اجلاس اسلام اباد میں ہوا ۔ اجلاس میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے نمائندے شریک ہوئے ۔ کمیٹی نے حکومت مخالف تحریک کو حتمی شکل دینے کیلئے سفارشات مرتب کرلیں ۔
اجلاس کے بعد ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمداللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی اور عمران ایک مہلک بیماری کا نام ہے جو قوم کو لاحق ہے اس سے نجات کیلئے تحریک اور احتجاج تیز کرنے کیلئے سفارشات کو حتمی شکل دے دی ہے ۔
انکا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دونوں پچوں پرکھیلیں گے اور سترہ نومبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے جو قانون سازی ہوئی ہے اس کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے ۔
پی ڈی ایم کی اسٹیرنگ کمیٹی نے اپنے تقریبا چار گھنٹے کے اجلاس میں چارون صوبوں میں سمینارز کے انعقاد اور حکومت کے خلاف دھرنا دینے کی سفارشات بھی تیار کرلی ہیں ۔ پی ڈی ایم کا سربراہی اجلاس کل ہوگا جس میں ان سفارشات پر غور کے بعد منظوری دی جائے گی
تبصرے بند ہیں.