کسانوں کو آسان اقساط پر قرضے، بیچ اور سولر ٹیوب ویل دیے جائیں گے: آرمی چیف 

139

 

آواران : آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بلوچستان کے ضلع آواران کا دورہ کیا ۔ انہیں سیکیورٹی کی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو صوبے کی سماجی و اقتصادی ترقی اور زراعت کی صلاحیت میں پاک فوج کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔آرمی چیف نے شہدا کی فیملیزسے بات چیت کے دوران شہدا کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے شہدا کی فیملیز کی فلاح و بہبود کے لیے فوج کی بے مثال حمایت کا یقین دلایا۔

 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے عمائدین اور کسانوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ بلوچستان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔پاکستانی عوام کو بلوچستان کے ان بہادر لوگوں پر فخر ہے جو تمام مشکلات کے مقابلے میں ڈٹے رہے ہیں۔

 

آرمی چیف نے زراعت کی اہمیت اور گرین پاکستان انیشیٹو پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کسانوں کو ہرقسم کی زرعی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔کسانوں کو آسان اقساط پر قرضے،بیچ اور سولر ٹیوب ویلز دیئے جائیں گے۔

 

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج سول انتظامیہ کے مل کر بلوچستان میں ترقیاتی اقدامات جاری رکھے گی۔بلوچستان کی ترقی و کامیابی میں ہی پاکستان کی ترقی ہے۔پورے پاکستان کو بلوچستان کی غیور عوام پر فخر ہے۔

 

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کیڈیٹ کالج آواران کا افتتاح کیا۔آرمی چیف نے اساتذہ اور طلبا سے گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان میں ایک اور کیڈٹ کالج کے قیام کی تعریف کی۔

تبصرے بند ہیں.