مہاراشٹر: ٹماٹروں کی قیمتیں ہمسائیہ ملک بھارت میں آسمان سے باتیں کررہی ہیں ۔ اس کی وجہ سے بھارت میں لوگ ان دنوں امیر سے امیر ہوتے جارہے ہیں۔ بھارت میں حالیہ دنوں میں ٹماٹروں کی قیمت میں 400 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک کاشتکار ایک ماہ کے اندر کروڑ پتی بن گیا ہے۔
بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع پونے سے تعلق رکھنے والا کاشتکار تکا رام بھاگوجی اور اس کے خاندان نے ایک ماہ کے اندر ٹماٹر کے 13 ہزار سے زیادہ کریٹ فروخت کرکے ڈیڑھ کروڑ بھارتی روپے سے زیادہ کما لیے ہیں۔ یہ کاشتکار 18 ایکڑ زرعی اراضی کا مالک ہے جس میں سے 12 ایکڑ پر اس نے اپنے بیٹے اور بہو کی مدد سے ٹماٹروں کو کاشت کیا۔
محض ایک دن یعنی 14 جولائی کو کاشتکار نے ٹماٹروں کے 900 کریٹ فروخت کرکے 18 لاکھ بھارتی روپے کمائے ۔کاشتکار کی بہو کے ذمے بیجوں کو بونے اور کاشت کرنے کا کام ہے جبکہ بیٹا فصل کو فروخت کرتا ہے۔خیال رہے کہ جون میں بھارت کے ٹماٹر کاشت کرنے والے کچھ خطوں میں شدید بارشوں اور معمول سے زیادہ درجہ حرارت کے نتیجے میں فصل متاثر ہوئی، جس کے باعث قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ مجموعی طور پر 2023 کے دوران بھارت میں فی کلو ٹماٹر کی قیمت میں 445 فیصد اضافہ ہو چکا ہے۔
تبصرے بند ہیں.