"آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے "،چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ سے ملاقات، دونوں نے ایک دوسرے کی آفرقبول کرلی

49

ڈربن :پاک بھارت کرکٹ تعلقات میں بہتری کی امید جاگ اٹھی۔ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کی بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ سے ڈربن میں ملاقات ہوئی ۔دونوں نے کرکٹ تعلقات میں بہتری پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔
ذکاء اشرف نے ورلڈکپ کے دوران دورہ بھارت کی دعوت قبول کر لی ہے جبکہ جے شاہ نے پاکستان میں ایشیاء کپ دیکھنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔
جے شاہ سے گفتگو میں چیئرمین پی سی بی کاکہنا ہے کہ آپ ہماری مہمان نوازی سے متاثر ہوئے بغیر نہیں رہ سکیں گے۔ پاکستانی عوام اپنے مہمانوں کی قدر کرنا جانتی ہے، یہ ایک اچھی شروعات ہے، مستقبل میں مزید ملاقاتیں ہوں گی ۔ چئیرمین پی سی بی ذکاء اشرف اور بی سی سی آئی سیکریٹری جے شاہ کے درمیان اہم ملاقات ڈربن میں ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔
اس ملاقات میں دونوں نے مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ دونوں بورڈ عہدیداران نے کرکٹ روابط میں بہتری لانے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ ملاقات آئی سی سی کے سالانہ اجلاس کی سائیڈ لائن پر خوشگوار ماحول میں ہوئی، ملاقات میں ایشیا کپ کے ہائبرڈ ماڈل پر بات چیت کے علاوہ 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کی شرکت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

تبصرے بند ہیں.