کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ شرجیل خان میچ کا پانسہ پلٹ دینے والے کھلاڑی ہیں اور ان کیساتھ اوپننگ کرنا ہمیشہ اچھا لگتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آن لائن پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابراعظم نے کہا کہ قومی ٹیم کے بعد پی ایس ایل میں بھی کپتانی کی ذمہ داری ملی ہے اس لئے مزید توجہ مرکوز کرتے ہوئے اچھا کھیلنے کی کوشش کروں گا، لیگ کے آغاز سے قبل کیمپ لگانے کا فائدہ ہوا ہے اور ابھی مزید ٹریننگ کریں گے تاکہ ایونٹ کیلئے بھرپور تیار ہو سکیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شرجیل خان پل بھر میں میچ کا پانسہ پلٹ دینے والے کھلاڑی ہیں اور ان کیساتھ اوپننگ کر کے ہمیشہ اچھا لگتا ہے لیکن انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے فٹنس بہت ضروری ہے، اس لئے شرجیل خان کی فٹنس پر بھرپور کام کر رہے ہیں۔
بابراعظم نے کہا کہ پی ایس ایل میں کراچی اور لاہور کا میچ ہمیشہ ہی سنسنی خیز ہوتا ہے اور ہم خوب لطف اندوز ہوتے ہیں مگر مداح بھی اس میچ میں بہت دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہیں، اس لئے پی ایس ایل 7 میں لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
کراچی کنگز کے کپتان نے کہا کہ ہمارے نئے کوچ پیٹر موریس منجھے ہوئے کوچ ہیں ان سے پلاننگ پر کافی بات ہوئی ہے، ہمارے پاس اچھے باؤلرز ہیں اور امید ہے میری باؤلنگ کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹیڈیم میں آنے والے تماشائی پروٹوکولز کا خیال رکھیں، اس کا سب کو ہی فائدہ ہے۔
تبصرے بند ہیں.