لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اے پی ایس شہدا کے قاتلوں کو این آر او دینے جارہے ہیں ۔
انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ نے عوام سے کٹھ پتلی حکومت کے خاتمے کیلئے اپوزیشن کا ساتھ دینے کی اپیل کر دی ، کہتے ہیں عمران خان شہداء کے قاتلوں کو این آر او دینے اور ان سے مذاکرات کرنے کیلئے تیار ہیں لیکن اپوزیشن سے بات کرنا اپنی توہین سمجھتے ہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزرا کہتے ہیں طالبان آئین پر عمل کر کے اچھے شہری کی طرح رہنا چاہتے ہیں ، وزرا کہتے ہیں طالبان آئین سے عہد وفا کرنا چاہتے ہیں ۔ لیکن ہم ان شہیدوں کے خون کو کس طرح فراموش کرسکتے ہیں جو طالبان نے دھماکوں میں بہایا ۔
لیگی رہنما نے کہا کہ میجر اسحاق شہید کے قاتلوں سے بات چیت کی جا رہی ہے ۔ طالبان نے سیکڑوں معصوم بچوں کو شہید کیا ، اس کے باوجود حکومت کی جانب سے ہزاروں جوانوں اور سویلین شہدا کے ورثا کو اعتماد میں نہیں لیا جا رہا ۔
رانا ثناءاللہ نے کہا کہ امریکا افغانستان کے ساتھ ساتھ پاکستان پر پابندیاں لگانے کا سوچا جا رہا ہے ۔ حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث ملکی معیشت کا برا حال ہے ، ڈالر 172 پر بھی نہیں رک رہا ۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سے مہنگی گندم درآمد کی جا رہی ہے ۔
واضح رہے کہ انسداد منشیات کی خصوصی عدالت نے پراسیکیوٹر کی غیر حاضری پر لیگی رہنما سے متعلق سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو آئندہ سماعت پر بحث کیلئے طلب کرلیا ۔
تبصرے بند ہیں.