مفاد پرست عناصر نے قانون کا غلط استعمال کیا : وزیراعظم عمران خان

200

 

اسلام آباد : وزیرِ اعظم  عمران خان نے کہا ہے  کہ وہی معاشرہ ترقی کرتا ہے جس میں قانون کی بالا دستی ہو۔خوشحالی انصاف اور عدل کے نظام سے ہی ممکن ہو سکتی ہے۔

 

وزیر اعظم عمران خان سے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی  کے ارکان نے اسلام اباد میں ملاقات کی ۔ وفاقی وزراء فواد چودھری  ، ڈاکٹر فروغ نسیم، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان  بھی اس موقع پر موجود تھے ۔وزیراعظم نے ممبران سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وکلا تنظیموں کی جمہوریت کے فروغ اور استحکام کے لیے گراں قدر خدمات ہیں۔

 

انہوں نے کہا کہ  ماضی میں مفاد پرست عناصر نے قانون کا غلط استعمال کیا۔امیر اور طاقتور طبقہ قانون کی گرفت سے آزاد رہا اور کمزور طبقات کا قانون کے غلط استعمال کے ذریعے استحصال کیا جاتا رہا ۔موجودہ حکومت سول اور فوجداری قوانین میں اصلاحات لا رہی ہے تاکہ عام آدمی کو ریلیف مل سکے۔

 

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ قانونی اصلاحات سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ کم ہو جائے گا۔ وکلا تنظیمیں قانونی اصلاحات کے ایجنڈے میں حکومت کا ساتھ دیں۔  وکلاء برادری کو درپیش مسائل سے آگاہ ہیں اور ان کے حل کے لئے ہر ممکنہ کوشش کی جائے گی۔وزیر اعظم نے   وکلاء ہاوسنگ کالونی میں درپیش رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے اور  وکلاء کو صحت کارڈ کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام میں شامل کرنے کی ہدایت کی ۔

 

انہوں نے کہا کہ  نوجوان وکلاء کو کامیاب پاکستان پروگرام  میں  بھی شامل کیا جائے۔ وزیر اعظم نے وزیر قانون کو ہدایت کی کہ بار سے مسلسل رابطے کو یقینی بنایا جائےاس کے ساتھ ساتھ بار کی گرانٹس سے متعلقہ ایشو کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سیکریٹری احمد شہزاد فاروق رانا نے بار کی طرف سے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔بار ممبران نے حکومت کے قانونی اصلاحات ایجنڈے کی مکمل تائید کی اور مزید بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔

تبصرے بند ہیں.