بھارتی عام انتخابات: کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں گی

131

نئی دہلی: اداکارہ کنگنا رناوت بی جے پی کے ٹکٹ پر ہماچل پردیش سے لوک سبھا (ہندوستانی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں) کا الیکشن لڑیں گی۔

 

بی جے پی نے اتوار کو  ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات  کے لیے 111 امیدواروں کی اپنی پانچویں فہرست جاری کی جس میں بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کا نام بھی شامل تھا۔

 

بھارتی میڈیا کے مطابق بی جے پی نے  کنگنا کو، جو وزیر اعظم نریندر مودی کی بہت بڑی حامی ہیں،ان کے آبائی علاقےسے میدان میں اتارا ہے۔ کنگنا رناوت ہماچل پردیش کے شہر مندی سے بی جے پی کے ٹکٹ پر لوک سبھا کا الیکشن لڑیں گی۔

 

بی جے پی کی جانب سے ٹکٹ ملنے پر کنگنا رناوت نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر  جاری بیان میں کہا کہ وہ باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے پر اعزاز اور خوشی محسوس کر رہی ہیں۔

 

اداکارہ نے ایک X پوسٹ میں کہا کہ ”میرے پیارے بھارت اور بھارتیہ جنتا کی اپنی پارٹی، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کو ہمیشہ میری غیر مشروط حمایت حاصل رہی ہے، آج بی جے پی کی قومی قیادت نے مجھے میری جائے پیدائش ہماچل پردیش، منڈی (حلقہ) سے اپنا لوک سبھا امیدوار بنانے کا اعلان کیا ہے، میں اس کی پابندی کرتی ہوں۔ لوک سبھا الیکشن لڑنے پر ہائی کمان کا فیصلہ۔ میں باضابطہ طور پر پارٹی میں شامل ہونے پر فخر اور خوشی محسوس کرتی ہوں۔ میں ایک قابل عمل کارتا اور ایک قابل اعتماد سرکاری ملازم بننے کی منتظر ہوں، شکریہ“

 

یاد رہے کہ گزشتہ سال کنگنا رناوت نے سیاست میں آنے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر  انہیں آشیرواد ملا تو وہ 2024 کا لوک سبھا الیکشن لڑیں گی۔

 

واضح رہے کہ بھارت کا الیکشن کمیشن ملکی ایوان زیریں (لوک سبھا) کے انتخابات کی تاریخوں کا اعلان کرچکا ہے۔

 

بھارتی الیکشن کمیشن کے مطابق لوک سبھا کی 543 نشستوں کیلئے عام انتخابات کا آغاز 19 اپریل سے ہوگا۔ بھارتی ریاستوں میں سات مرحلوں میں ووٹنگ ہوگی جس کا اختتام یکم جون کو ہوگا۔

تبصرے بند ہیں.