9 مئی کے 12 مقدمات: عمران خان، شاہ محمود قریشی اور شیخ رشید کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 27 جنوری تک ملتوی

82

راولپنڈی: راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے 12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کی ضمانت کی درخواستوں پر سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔

 

انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ملک اعجاز آصف نے سماعت کی، شیخ رشید کی جانب سے سردار عبدالرازق اور سردار شہباز خان ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

 

عدالت میں تمام 12 مقدمات کے چالان پیش نہیں ہوئے، مرکزی پراسیکیوٹر بھی آج عدالت نہ پیش ہو سکے۔

 

دوران سماعت شیخ رشید کے وکلا نے عدالتی حکم کے باوجود ملاقات نہ کرانے پر سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی۔

 

عدالت نے سپرٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے 26 جنوری کو طلب کرلیا۔

 

شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق کے مطابق عدالت نے راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (آر آئی سی) یا کسی دوسرے ہسپتال سے شیخ رشید کا مکمل میڈیکل چیک اپ اور علاج معالجے کا بھی حکم دیتے ہوئے جیل انتظامیہ سے 2 روز میں رپورٹ بھی طلب کرلی۔

 

دوران سماعت مقدمات میں مرکزی پراسیکیوٹر بھی عدالت پیش نہ ہوئے جبکہ ساتھی پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ تفتیشی ٹیم ریکارڈ سمیت لاہور گئی ہوئی ہے جس کی بنا پر آج یہاں حاضر نہیں ہوسکے ہیں۔

 

بعدازاں عدالت نےآئندہ سماعت پر  مکمل ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 27 جنوری تک ملتوی کردی۔

تبصرے بند ہیں.