عام انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کا اجرا شروع

103

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی فراہمی کا عمل شروع کر دیا۔

 

ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق ڈاک کے ذریعہ اہل ووٹرز 22 جنوری تک حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔ پوسٹل بیلٹ کے لیے درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔

پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے پر ووٹر اپنے ووٹ کو مقررہ وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو بھجوائے گا۔

 

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ جیل کے قیدی اور زیر حراست ملزمان پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

 

 

ذرائع الیکشن کمیشن نے بتایا کہ معذور افراد پولنگ اسٹیشن جائے بغیر ہی اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔  معذوری والا شناختی کارڈ رکھنے والے افراد کے لئے پوسٹل بیلٹ کی سہولت میسر ہوگی۔

الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا تھا کہ  اپنے حلقے سے دور تعینات سرکاری ملازمین بھی پوسٹل بیلٹ کی سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔سرکاری ملازمین، مسلح افواج کے اہلکار،ان کے اہل خانہ کو پوسٹل بیلٹ کی سہولت دی جائے گی۔

واضح رہے کہ ملک میں عام انتخابات آئندہ ماہ 8 فروری کو شیڈول ہیں جس کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔

 

گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ عام انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا کام معمول کے مطابق جاری ہے۔

 

اس سے قبل الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ انتخابی نشانات کی تبدیلی کا عمل جاری رہا تو الیکشن میں تاخیرکا خدشہ ہے، بیلٹ پیپر دوبارہ پرنٹ کرانا پڑیں گےجس کے لیے پہلے ہی وقت محدود ہے۔

تبصرے بند ہیں.