توشہ خانہ کیس:  سپریم کورٹ آج عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سزا معطلی کی اپیل پر سماعت کرے گی

118

اسلام آباد:  سپریم کورٹ میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین کی توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت دوپہر 2 بجے ہو گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں بھی توشہ خانہ فوجداری کیس میں عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر سماعت آج ہو گی۔

 

چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت کرے گا۔

 

یاد رہے گزشتہ روز دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیے تھے کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا حکم درست نہیں، ٹرائل کورٹ کے جج نے جلد بازی میں فیصلہ کیا۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس پر 7 دن میں فیصلہ کرنے کا کہا اور ٹرائل کورٹ نے ایک ہی دن میں فیصلہ کر دیا، اگر کوئی فیصلہ غلط ہے تو اس میں مداخلت کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری پر مشتمل ڈویژنل بینچ توشہ خانہ فوجداری کیس میں   کی عمران خان کی سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کرے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں الیکشن کمیشن کے وکیل آج دلائل دیں گے۔

 

عدالت نے گزشتہ روز اٹک جیل حکام کو چیئرمین پی ٹی آئی سے وکلا بابر اعوان اور لطیف کھوسہ کو ملاقات کی اجازت دی تھی۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد کرتے ہوئے  اپنےکیسز، ٹرائل اور انکوائریاں اسلام آباد ہائیکورٹ سے لاہور یا پشاور ہائیکورٹ منتقل کرنے پر  سپریم کورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

تبصرے بند ہیں.