اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملکی سیاسی صورتحال کے پیش نظر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 16 دسمبر کے بجائے 20 دسمبر کو بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمینٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے اسمبلیاں تحلیل کرنے کے متوقع اعلان کے بعد حکمت عملی بنائی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے فیصلوں پر تمام اتحادیوں سے مل کر اجتماعی حکمت عملی مرتب کی جائے گی اور عمران خان کے فیصلوں کے ملک پر پڑنے والے اثرات سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت 16 دسمبر کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا ارادہ رکھتی تھی لیکن عمران خان کے اعلان کے بعد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 20دسمبر کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیاں توڑنے کی تاریخ کا اعلان کریں گے جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ 23 دسمبر کو دونوں صوبائی اسمبلیاں تحلیل کئے جانے کا امکان ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان کے ارکان قومی اسمبلی ایوان میں جاکر دوبارہ استعفے دیں گے جس کے بعد 70 فیصد ملک الیکشن موڈ میں چلا جائے گا، عقل تو یہ کہتی ہے کہ اگر 70 فیصد ملک میں انتخابات کرانے ہیں تو بہتر ہے کہ عام انتخابات ہی کرا دئیے جائیں۔
تبصرے بند ہیں.