حکومت کا عارف علوی اور عمران خان کیخلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کا فیصلہ

156

اسلام آباد: حکومت نے صدر مملکت عارف علوی، سابق وزیر اعظم عمران خان، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری اور عمر گورنر پنجاب سرفراز چیمہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے دستور پاکستان پر عملدرآمد سے متعلق بڑا فیصلہ کرتے ہوئے آئین شکنی کے جرم میں سابق حکومت کی اہم شخصیات عارف علوی، عمران خان، قاسم سوری اور عمر سرفراز چیمہ کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور وزارت قانون و انصاف اور وزارت داخلہ نے ریفرنس کی تیاری شروع کر دی ہے۔ 
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد کے عمل میں واضح آئین شکنی کی گئی، صدر عارف علوی، ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے عمران خان کے ایماءپر آئین شکنی کی، دستور کوسبوتاژ کیا جبکہ پنجاب اسمبلی میں آئینی عمل کو سبوتاژ کیا گیا اور گورنر نے آئین شکنی کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدر عارف علوی نے پارٹی چیئرمین کے حکم پر آئین قربان کر دیا اور سپریم کورٹ و ہائیکورٹ کے آئین پر عملدرآمد کے واضح احکامات کی توہین کا جرم کیا گیا، بیانات اور قومی و صوبائی اسمبلیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالتی احکامات اور عدالتی نظائر بھی طلب کر لئے گئے ہیں جنہیں شواہد کے طور پر ریفرنس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا، ریفرنس سے پاکستان کی سیاسی وعدالتی تاریخ میں ایک نیا باب لکھا جائے گا۔

تبصرے بند ہیں.