پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا:عثمان بزدار

37

لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا، باشعور عوام عمران خان کی کامیابیوںپر آپ کو پھٹیاں نہیں لگانے دے گی۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءمفتاح اسماعیل نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے اور پھر اس سے ’یوٹرن‘ لینے کے معاملے پر وضاحتی بیان میں کہا کہ ’کوئی یوٹرن نہیں لیا گیا۔ چونکہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں چند ماہ پہلے اضافہ کیا گیا تھا، اس لئے ہم دوبارہ اضافہ نہیں کر رہے۔ تاہم اگلے بجٹ میں اس معاملے پر غور کیا جائے گا۔ فی الحال ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ امید ہے کہ اس وضاحت سے تمام کنفیوژن دور ہو جائے گی۔‘ 

سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مفتاح اسماعیل کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا ’پہلی تقریر میں ہی شوبازیاں دکھا کر اگلے دن یوٹرن لے لیا گیا۔ پچھلے سال پی ٹی آئی حکومت نے تنخواہوں میں 35 فیصد اضافہ کیا جس میں 10 فیصد بنیادی تنخواہ میں اضافے کے ساتھ 25 فیصد ڈسپیریٹی، سپیشل الاﺅنس شامل تھا۔ اس سال وفاق میں مزید 15 فیصد اضافے کا نوٹیفکیشن اور 15 فیصد کا اعلان ہو چکا تھا۔‘ 

انہوں نے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’بدترین معاشی حالات میں تحریک انصاف کو حکومت ملی تھی لیکن ساڑھے تین سال کے معاشی ڈسپلن اور بہترین کارکردگی سے اس وقت اکانومی اپنے پاﺅں پر کھڑی ہو چکی ہے جس کا کریڈٹ صرف عمران خان اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے۔ عوام بیوقوف نہیں ہے، عمران خان کی کامیابیوں پر آپ کو پھٹیاں نہیں لگانے دے گی۔‘ 

تبصرے بند ہیں.