عوام نے عمران خان کو 5 سال کا منڈیٹ دیا، انہیں مدت پوری کرنی چاہیے: پرویز الہٰی

91

 

لاہور : پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی  نے  وفد کے ہمراہ ملاقات  کی ہے۔چودھری پرویزالٰہی   کا کہنا ہےکہ عوام نے حکومت کو پانچ سال کا مینڈیٹ دیا ہے۔پارلیمانی روایات کو پامال نہیں ہونے دیں گے۔

 

نیو نیوز کے مطابق چودھری پرویز الہیٰ کا مزید کہناتھا کہ  مشاورت کا عمل اور ملاقاتیں جاری رہتی ہیں جو کہ سیاسی عمل کا حصہ ہیں۔  فیصلہ سوچ سمجھ کر اپنی پارلیمانی پارٹی سے مشاورت کے بعد ہو گا۔ہر جمہوری حکومت کا حق ہے کہ اسے عوامی خدمت کیلئے دیا گیا عرصہ مکمل کرنے دیا جائے۔

 

چودھری پرویز الہٰی نے مزید کہا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہی اچھے لگتے ہیں۔ موجودہ سیاسی صورتحال میں ملکی مفاد سب سے زیادہ عزیز ہے۔ ملک میں روز بروز بدلتی ہوئی سیاسی آب و ہوا پر پوری نظر ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ عوام کو فوری ریلیف دینے کیلئے عملی اقدامات کیے جائیں۔

 

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین منجھے ہوئے سیاستدان ہیں۔ چودھری شجاعت کی حالات پر گہری نظر ہے، امید ہے موجودہ حالات میں کوئی راستہ نکال لیں گے۔

 

وفد میں سینیٹر نصیب اللہ خان بازئی، سینیٹر محمدعبدالقادر، سینیٹر پرنس احمد عمر احمد زئی، سینیٹر احمد خان، سینیٹر دلاور خان، سینیٹر کہدہ بابر، صوبائی وزیر نور محمد اور شاہ زل شامل جبکہ سینیٹر کامل علی آغا اور سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی بھی موجود تھے۔

تبصرے بند ہیں.