تحریک عدم اعتماد کا اعلان نئی ڈیل کے لیئے ایک چال ہے، وزیر خارجہ

40

لاہور: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تحریک عدم اعتماد کے اعلان کو نئی ڈیل کے لیے چال قرار دے دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کا اعلان نئی ڈیل کے لیئے ایک چال ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز اور ہمارے اتحادی ان کے احتساب سےبچنےکی کوششوں کوناکام بنائیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نےواضح طور پر کہاہے کہ این آراوکاامکان زیروہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں اکثر و بیشتر سربراہان نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی کیونکہ اجلاس ہنگامی طور پر بلایا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ہم اس ناجائز حکمران کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائیں گے اور اس سلسلے میں حکومت کی حلیف جماعتوں سے بھی رابطے کریں گے کہ وہ اپنا اتحاد ختم کریں۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومتی حلیف جماعتیں ملک و قوم پر رحم کریں، ملک کے مستقبل اور عوام کی بدحالی کو مدنظر رکھیں اور ایسی حکومت کے اتحادی بننا سیاسی اور اقتصادی طور پر ملک کے لیے مفید نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں ہم ایک وفد بھی تشکیل دے رہے ہیں، جس کے ارکان کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا، یہ حلیف جماعتوں سے رابطہ کرے گا اور ان کو اس مؤقف پر قائل کرنے کی کوشش کرے گا۔ ہم اس حوالے سے پیشگی ہوم ورک مکمل کریں گے، حلیف جماعتوں کے بغیر عدم اعتماد کا ووٹ مکمل نہیں ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.