عمران خان سڑکوں پر آ گیا تو واقعی بہت خطرناک ہو گا: شیخ رشید

17

اسلام آباد: وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سڑکوں پر آ گیا تو واقعی بہت خطرناک ہوگا، اپوزیشن اب 23 مارچ کو اسلام آباد ضرور آئے، اسے سیاسی شکست اور ذلت نصیب ہو گی، عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ ایسی نالائق اپوزیشن ملی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ 23 مارچ حساس دن ہے اور اسلامی دنیا کے سینکڑوں وزرائے خارجہ اسلام آباد آ رہے ہیں، اس روز ناصرف سڑکیں بند ہوں گی بلکہ ممکن ہے کہ موبائل فون سروس بھی بند ہو، اپوزیشن اپنا شوق پورا کرلے اور 23 مارچ کو اسلام آباد آئیں، ہم کوئی مسئلہ پیدا نہیں کریں گے اور انہیں سیاسی شکست اور ذلت نصیب ہو گی۔ 
شیخ رشید نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اسلام آباد کیا کرنے آ رہے ہیں؟ کیا ایجنڈا ہے؟ ساڑھے تین سال میں کسی بل پر اپوزیشن حکومت کو شکست نہیں دے سکی ہے، آپ کو مالیاتی بل پر بھی شکست ہوئی ہے۔اپوزیشن پہلے استعفوں اور پھر عدم اعتماد سے بھاگ گئی، ان سے ہونا کچھ نہیں اور عمران خان کی خوش قسمتی ہے کہ ایسی نالائق اپوزیشن ملی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ایماندار آدمی ہیں، ان کے اور اسٹیبلشمنٹ کے بہت اچھے تعلقات ہیں، اپوزیشن کو ابھی سمجھ نہیں آ رہی مگر جلد ہی انہیں پتہ لگ جائے گی، آپ نے سڑکوں کا انتخاب کیا ہے، انشاءاللہ آپ ذلیل و خوار ہوں گے، اپوزیشن نے ساڑھے تین سال میں کیا کیا؟ صرف عمران خان کے خلاف غیر ذمہ دارانہ بیانات دیئے ہیں۔ 
شیخ رشید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے کل بڑی عجیب بات کی ہے کہ مکھی کی طرح عمران خان کو نکالیں گے، یقین سے کہتا ہوں عمران خان کے پاس عوامی طاقت ہے اور انہوں نے خطرناک ہونے کا پیغام اپوزیشن کو دیا ہے، نالائق اپوزیشن نے عمران خان پر غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.