لاہور میں اومی کرون کے مزید 20 کیسز سامنے آ گئے

83

لاہور: صوبائی دارالحکومت لاہور میں عالمگیر موذی وباءکورونا وائرس کے نئے ویرئنٹ اومی کرون کے مزید 20 کیسز سامنے آ گئے ہیں جس کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 170 ہو گئی ہے جبکہ شہر میں مثبت کیسز کی شرح 4 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ 
محکمہ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں اومی کرون کے 27 مزید کیسز سامنے آنے کے بعد شہر میں اومی کرون کے مصدقہ مریضوں کی تعداد 170 ہو گئی ہے جبکہ کورونا وائرس کے 310 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 46 ہزار 41 تک جا پہنچی ہے اور ایکٹو کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 634 ہو گئی۔
ترجمان کے مطابق پنجاب بھر میں کورونا وائرس کے باعث ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی جس کے بعد موذی وباءسے ہلاک ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 13 ہزار 73 تک جا پہنچی ہے اور صوبہ کے تمام شہروں میں کورونا کے مثبت کیسز کی مجموعی شرح 2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ 
دوسری جانب پاکستان بھر میں کورونا کی پانچویں لہر نے پنجے گاڑنے شروع کر دئیے ہیں اور ملک بھر میں روزانہ نئے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے جس کے باعث مثبت کیسز کی شرح 1.8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کورونا سے مزید 5 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 28 ہزار950 ہو گئی جبکہ 652مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
گزشتہ روز کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 49 ہزار 673 ٹیسٹ کئے گئے جس میں کورونا کے مزید 898 کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 12 لاکھ 98 ہزار 763 تک جا پہنچی ہے۔

تبصرے بند ہیں.