پشاور: پاکستان پیپلز پارٹی عمران خان حکومت گرانے کے لیے تمام آئینی وقانونی راستے اپنانے کے لیے تیار ہے اور اگر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف قدم بڑھائیں توعمران حکومت گر جائے گی۔
ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل نیئر بخاری نے پشاورمیں ارباب عالمگیر کی رہائش گاہ پرمنعقدہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ان کے ہمراہ سندھ کے وزیراطلاعات سعید غنی، پیپلزپارٹی کے مرکزی ترجمان فیصل کریم کنڈی، صوبائی صدر نجم الدین خان، عاصمہ عالمگیر اوردیگر بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کل 54 واں یوم تاسیس منارہی ہے، پیپلزپارٹی کی بنیاد عوام کودرپیش مسائل کے حل کے لیے رکھی گئی اور بلاول بھٹو نے تمام صوبوں میں یوم تاسیس منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پشاور کی انتظامیہ نے وزیر اعلی کو جلسے کی اجازت دے دی لیکن ہمیں جلسہ کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ انتظامی افسر ریاست کے ملازم ہیں پی ٹی آئی کے نہیں اور یہ انتخابی جلسہ نہیں بلکہ یوم تاسیس کاجلسہ ہے۔
نیئر بخاری نے مزید کہا کہ ملک کوجن مسائل کاسامنا 1967 میں تھا آج بھی صورت حال ویسی ہی ہے، ہم اقتدار میں آئیں گے تو نوکریاں دیں گے، پی ڈی ایم تو ہم نے بنائی، ہم نے اسے نہیں چھوڑا، پی ڈی ایم اب پیپلزپارٹی اوراے این پی کے بغیر پی ڈی ایم نہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہمارے موقف کی وجہ سےاپوزیشن کوکامیابیاں ملیں اور یہ ہمارے ایجنڈے پرعمل کریں تو سب کوفائدہ ہوگا، ہم عمران حکومت کوہٹانےکے لیے سب آئینی وقانونی راستے اپنانے کے لیے تیارہے۔ اپوزیشن لیڈرآگے بڑھے تو عمران حکومت ختم کی جاسکتی ہے، پیپلزپارٹی کا مقابلہ کوئی پارٹی نہیں کرسکتی، عمران حکومت یوٹرن ماسٹر ہے جس کامطلب وعدہ خلافی اورگناہ ہے۔
اس موقع پر سندھ کے وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ پشاورمیں بی آرٹی چل رہی ہے لیکن ٹریفک جام ہے جبکہ کراچی پختونوں کا شہر ہے اور اس میں بسنے والوں کے لیے کام کر رہے ہیں اور کراچی دنیا کا چھٹا بڑا ملک ہے جس میں مسائل تو ہوں گے۔
سعید غنی کا کہنا تھا کہ کراچی میں خوف کی فضا قائم تھی لیکن آج لوگ آزادانہ طورپر پارٹیاں تبدیل کررہے ہیں، پیپلزپارٹی نے کام کیے تو اسے بار بار ووٹ ملتے ہیں، پی ٹی آئی جھوٹوں کی پارٹی اورعمران خان ان کاسربراہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ گندم کی پیداوار پنجاب میں ہوتی ہے اوربحران کاذمہ دار سندھ کو قرار دیا جاتا ہے۔ ہم پرالزام ہے کہ ہم نے تین شوگر ملوں کی کرشنگ بندکرائی، ہمیں بتائیں تاکہ ایکشن لیں، اب ملک میں یوریاکابحران آنے والاہے، ان کے اے ٹی ایمز مافیازہیں جوبحران پربحران پیداکرتے ہیں، عمران خان کااپنا ذریعہ روزگار کیاہے۔؟
انہوں نے کہا کہ تعمیرات میں خلاف ورزیاں ہوجاتی ہیں، اسلام آبادمیں ایسی عمارات ریگولرائز ہوجاتی ہیں، بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ اوربحریہ ٹاؤن کوجرمانے کرتے ہوئے ریگولرائز کردیاجاتاہے، چھوٹے لوگوں کےلیے الگ معیارکیوں؟
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ میں ایم کیو ایم نے غیرقانونی تعمیرات کیں، انہیں ریگولر کرنے کی اجازت دی جائے، سندھ میں نسلہ ٹاورجیسی کارروائیوں سے ہزاروں لوگ بے روزگارہوجائیں گے، سپریم کورٹ ایسی عمارات کو ریگولرائز کرنے کے لیے کمیشن بنائے۔
تبصرے بند ہیں.