حکومت کے رضا مند ہونے پر بات چیت ہوگی:اسد قیصر

142

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے واضح کیا کہ وہ اسپیکر کے پاس صرف فاتحہ خوانی کے لیے گئے تھے، مذاکرات کے لیے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ "اگر حکومت مذاکرات کے لیے راضی ہوگی، تب ہی ہم بات کریں گے۔”

اسد قیصر نے اس بات کی وضاحت کی کہ میڈیا میں جو خبریں پھیل رہی ہیں وہ حقیقت سے کوسوں دور ہیں، اور مذاکرات کے حوالے سے ابھی تک کوئی بات نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ "کمیٹی پہلے ہی تشکیل دی جا چکی ہے، اور جب حکومت تیار ہوگی، تب بات چیت شروع ہوگی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اسد قیصر نے کہا کہ حکومت کے غیر سنجیدہ رویے کی وجہ سے ایوان کی کارروائی میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "حکومت کا کوئی وزیر ایوان میں نہیں آ رہا، تو ایجنڈا کیسے چلایا جائے گا؟”

ڈپٹی سپیکر نے اسد قیصر کی باتوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی عدم موجودگی کی وجہ سے ایوان میں بے توقیری ہو رہی ہے، اور اگر اسی طرح حکومت کا کوئی وزیر نہ آیا تو اجلاس کو ملتوی کر دیا جائے گا۔

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے بھی کہا کہ حکومت سے ابھی تک کوئی مذاکرات نہیں ہوئے، اور عمران خان کی جانب سے بنائی گئی پانچ رکنی کمیٹی اب بھی قائم ہے۔

تبصرے بند ہیں.