شنگھائی :وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چین کے دورے کے دوران شنگھائی میں جینیاتی بیماریوں اور کینسر کے علاج میں مہارت رکھنے والی کمپنی بی جی آئی جینومکس کا دورہ کیا۔ شنگھائی کے یانٹین ڈسٹرکٹ میں واقع اس ادارے میں انہوں نے کمپنی کے صدر مسٹر وانگ جیان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر پنجاب حکومت اور بی جی آئی جینومکس کے درمیان کینسر کے علاج اور جینیاتی تحقیق کے لیے باہمی تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اس معاہدے کے تحت بی جی آئی جینومکس پنجاب حکومت اور محکمہ صحت کو جدید طبی تحقیق، کینسر کے علاج، اور جینیاتی بیماریوں کی تشخیص کے لیے مدد فراہم کرے گا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز کو کمپنی کے ڈی این اے سنتھیسز لیب، سیکوئنسنگ لیب، اور ایس ٹی او مکس لیب کے کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمپنی کے ماہرین نے بتایا کہ بی جی آئی جینومکس 100 سے زائد ممالک میں جینیاتی تحقیق اور خدمات فراہم کر رہا ہے اور جینیاتی سیکوئنسنگ کے ذریعے بیماریوں کی بروقت تشخیص اور مؤثر علاج میں کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے بی جی آئی جینومکس کو پنجاب میں ریسرچ سینٹر قائم کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ یہ قدم طبی تحقیق کے میدان میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے ایگریکلچر یونیورسٹیز میں بھی بی جی آئی گروپ کے تعاون سے تحقیقی کلچر کو مزید مستحکم کرنے کی تجویز پیش کی۔
یہ اقدام پنجاب میں صحت اور جینیاتی تحقیق کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی جانب اہم پیشرفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Prev Post
پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان دوسرے ٹی 20 میچ میں 207 رنز کا ہدف، صائم ایوب کا بڑا اسکور
Next Post
تبصرے بند ہیں.