لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی پر کنٹرول عمران خان کے بس میں نہیں لیکن استعفیٰ دینا تو بس میں ہے نا ۔
اپنی ٹویٹ میں شہباز شریف نے وزیراعظم سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ، انہوں نے کہا کہ چینی کے بعد پٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں مزید اضافہ عوام پر مہنگائی کی بمباری ہے ۔
آٹا، چینی، گھی، دوائی، بجلی، گیس، پٹرول، معیشت، مہنگائی پر بس نہیں چل رہا تو استعفیٰ دینا عمران خان کے بس میں ہے؛ استعفی لکھ کر عوام کو فوری ریلیف دیں۔ چینی کے بعد پٹرول اور اس پر بجلی کی قیمتوں میں ایک اور اضافہ عوام پر مہنگائی کی بمباری ہے۔ ظلم کی یہ حکومت نہیں چل سکتی۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) November 6, 2021
صدر ن لیگ نے مزید کہا کہ ظلم کی حکومت نہیں چل سکتی ، وزیراعظم عمران خان کا استعفیٰ عوام کیلئے بڑا ریلیف ہوگا ۔
دوسری جانب ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے چینی کی قیمت میں مصنوعی اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے آج اہم اجلاس طلب کر لیا ۔ اجلاس میں چینی کی قیمت میں استحکام لانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں گے ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ چینی کی قیمت میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں ۔
ذرائع کے مطابق ، اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال ، چیف سیکرٹری ، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ ، سیکرٹری خوراک ، سیکرٹری قانون ، سیکرٹری زراعت ، سیکرٹری صنعت ، کمشنر لاہور ڈویژن اور متعلقہ حکام شریک ہوں گے ۔
تبصرے بند ہیں.