پٹرولیم بحران پر ایف آئی اے ان ایکشن ،5 افراد گرفتار

139

لاہور: ایف آئی اے نےپٹرولیم مافیا ، آئل مارکیٹنگ ، کمپنیز اور اوگرا، وزارت توانائی وپٹرولیم ڈویژن کے خلاف گھیراتنگ کردیا ۔ کارروائی میں 5 ملزمان  کوگرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے احکامات پر پیٹرولیم بحران کی انکوائریز کے بعد ایف آئی اے لاہور نے فوسل انرجی اور عاسکر آئل (پیٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیز) پر مقدمات درج کرلئے۔

 ایف آئی اے نے سی ای او فوسل انرجی ندیم بٹ ،اوگرا کےممبر گیس عامر نسیم ، ممبر آئل عبداللہ ملک اور وزارت توانائی و پٹرولیم کے ڈی جی آئل شفیع اللہ آفریدی اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر آئل عمران ابڑو کو گرفتار کرلیا۔

حکام کاکہنا ہے کہ ان اوگرا کے افسران نے غیر قانونی پیٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس جاری کئے۔ وزارت توانائی و پٹرولیم ڈویژن کے افسران نے ناجائز پیٹرولیم امپورٹ کوٹہ جاری کیا۔ پیٹرولیم مارکیٹنگ کمپنیز نے اوگرا کی آشیر آباد سے منظور شدہ پیٹرول پمپس سے زیادہ غیر قانونی پیٹرول پمپس کا ملک بھر میں جال بچھایا۔

حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف ملی بھگت سے غیر قانونی پیٹرولیم مارکیٹنگ لائسنس، ناجائز پیٹرولیم امپورٹ کوٹہ اور غیر قانونی پیٹرولیم امپورٹس کی خریدوفروخت سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچانے اور اس سے کمائے جانے والے اربوں روپے کے ناجائز دھن کی منی لانڈرنگ کا الزام ہے۔ ایف آئی اے نے ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ بھی حاصل کرلیا ہے ۔

تبصرے بند ہیں.