شمیم شوگر مل کیس، مریم نواز کا شیئر ہولڈر ہونے کا انکشاف، نیب کو تفصیلات مل گئیں

129

لاہور: نیب نے مریم نواز کے خلاف شمیم شوگر مل کیس تحقیقات میں مل کی خریداری اور فروخت سے متعلق تفصیلات حاصل کر لیں۔ شمیم شوگر مل کے شئیرز ہولڈرز میں مریم صفدر، یوسف عباس اور عبدالعزیز شامل ہیں۔

 

نیب کو موصول دستاویزات کے مطابق مریم صفدر، یوسف عباس اور عبدالعزیز نے شمیم شوگر مل ایک ارب 65 کروڑ روپے میں فروخت کی اور دستاویزات میں شوگر مل خریدنے کے لیے 88 کروڑ کا بینک قرض 36 کروڑ 80 لاکھ اسپانسر قرض جبکہ تین کروڑ سے زائد کی ادائیگیاں ظاہر کی گئی ہیں۔

 

نیب ذرائع کے مطابق شوگر مل کی خریداری اور فروخت سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں اور شیم شوگر مل کی خریداری کے رقم کہاں سے آئی اور شوگر مل فروخت کیوں کی گئی جبکہ دستاویزات میں ظاہر کیا گیا ہے کہ کروڑوں روپے کاشت کاروں کو ادا کرنے ہیں، کیا رقوم ادا ہوئیں؟ اس بات کی بھی تحقیقات کی جائیں گی۔

 

دریں اثنا اس حوالے سے نیب لاہور اور مریم نواز کے ترجمان نے معاملے پر موقف دینے سے گریز کیا ہے۔

 

خیال رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی ضمانت منسوخ کرنے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر نے ضمانت کا غلط استعمال کیا، مریم نواز نیب کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کی مرتکب ہوئیں۔ 

 

درخواست میں کہا گیا ہے کہ نیب لاہور میں طلبی پر نیب آفس پر حملہ کیا گیا، ملزمان کا یہ عمل ان کے خلاف گواہان پر بھی دباؤ  ڈالنے کا سبب بنا،اس لئے ان کی ضمانت منسوخ کی جائے۔ 

 

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو سزائیں سنائی تھیں جن کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں زیر سماعت ہیں اور عدالت نے ملزمان کی سزائیں معطل کر رکھی ہیں۔

تبصرے بند ہیں.