طلبا کا احتجاج رنگ لے آیا، ایم ڈی کیٹ کے امتحانات دوبارہ لینے کی سفارش

215

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت نے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ پر سوالات اٹھاتے ہوئے امتحانات دوبارہ لینے کی سفارش کر دی ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس مہر تاج روحانی کی زیر صدارت ہوا۔ کمیٹی نے ایم ڈی کیٹ کے امتحانات پر سوالات اٹھاتے ہوئے امتحانات دوبارہ لینے کی سفارش کرتے ہوئے ایم ڈی کیٹ کا امتحان لینے والی نجی کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کیلئے اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں ۔ کمیٹی اراکین نے ایم ڈی کیٹ امتحانات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ ایم ڈی کیٹ کی وجہ سے طلبا کا مستقبل تباہ و برباد ہو گیا ہے۔ 

 

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کے آج ہونے والے اجلاس جس میں پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز ایڈمیشن ٹیسٹ ،ایم ڈی کیٹ میں شرکت کرنے والے طلبا کا معاملہ زیر بحث آیا۔ سینٹر روبینہ خالد نے کہا کہ امتحانات لینے کے لیے لوگوں سے لاکھوں روپے لیے گئے۔ کمیٹی ارکان نے پاکستان میڈیکل کمیشن   کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ آسانی سے کہہ دیتے ہیں کہ نمبر بڑھا دیے لیکن یہ نہیں سوچتے کہ ایک بچے پر کیا گرزتی ہے۔

سینٹر سحر کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ ناانصافی ہوئی اور اس کا ازالہ ہونا چاہیے۔ کمیٹی ارکان نے ایم ڈی کیٹ کا امتحان دوبارہ لینے کی سفارش کی اور امتحان لینے والی نجی کمپنی کو بلیک لسٹ کرنے کے لیے اقدامات کی ہدایات جاری کر دیں۔ کمیٹی نے نجی کمپنی کے نمائندے کو بھی آئندہ اجلاس میں طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں محسن پاکستان ڈاکٹر عبد القدیر خان کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔ 

 

 

تبصرے بند ہیں.