بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت کی گرفتاری کا خدشہ

201

ممبئی: بھارتی شاعر جاوید اختر ہتک عزت کیس میں بالی ووڈ اداکارہ کنگنا رناوت پر گرفتاری کی تلوار لٹکنے لگی۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ممبئی کی عدالت نے اداکارہ کنگنا رناوت کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ جاوید اختر ہتک عزت کیس کی سماعت  کی اگلی تاریخ کو عدالت میں پیش نہ ہوئیں تو ان کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔ عدالت نے کیس کی اگلی سماعت کا حکم 20 ستمبر کو دیا ہے۔

دوسری جانب کنگنا رناوت کے وکیل رضوان صدیقی نے عدالت میں اداکارہ کی میڈیکل رپورٹ  جمع کرائی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کنگنا رناوت کو کوڈ19 کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔

وکیل کے مطابق کنگنا رناوت نے اپنے آنے والی فلم ’’تھلائی وی‘‘ کی پروموشن  کے سلسلے میں  گزشتہ 15 دنوں میں بہت زیادہ سفر کیا ہے اور بہت سے لوگوں سے ملی ہیں۔ لہذا انہوں نے عدالت سے مزید سات دنوں کی مہلت مانگی ہے تاکہ اداکارہ  ٹھیک ہوجائیں اور ان کا کوڈ 19 کا ٹیسٹ بھی ہوجائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کنگنا رناوت عدالت میں ورچوئیل سماعت کے ذریعے بھی موجود رہ سکتی ہیں۔

ادھر جاوید اختر کے وکیل کا کہنا ہے کہ یہ سب صرف سماعت میں تاخیر کے لیے کیا گیا ہے۔ جاوید اختر مخلصانہ طور پر ہر سماعت کے لیے عدالت آرہے ہیں۔

جج نے 20 ستمبر کو اگلی سماعت کا حکم  دیتے ہوئے کنگنا رناوت کو خبردار کیا ہے کہ اگر اداکارہ اگلی سماعت میں کورٹ نہیں آئیں تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال معروف بھارتی شاعر جاوید اختر نے اداکارہ کنگنا رناوت کے خلاف ممبئی کی میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کی عدالت میں ہتک عزت کا مقدمہ دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اداکارہ نے قومی ٹیلی ویژن پر ان کی تضیحک کی اور اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت پر اپنے بیانات میں بے بنیاد تبصرے کیے جس سے ان کے وقار کو نقصان پہنچا ہے۔

تبصرے بند ہیں.