ڈی آئی خان میں پولیس موبائل پر حملہ اے ایس آئی شہید، 3 دہشتگرد ہلاک

52

ڈیرہ اسماعیل خان: ڈی آئی خان کے علاقے مورگہ حسن خیل میں پولیس موبائل پر دہشت گردوں کے حملے میں ایڈیشنل اے ایس آئی دین محمد شہید جبکہ جوابی فائرنگ میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق دہشت گردوں نے درہ زندا کے قریب پولیس موبائل پر حملہ کیا، اس دوران دہشت گردوں کی فائرنگ سےاے ایس آئی دین محمد شیرانی موقع پر شہید ہوگئے۔

 

پولیس کے مطابق اے ایس آئی دین محمد الیکشن ڈیوٹی سے واپس آ رہے تھے  کہ نامعلوم افراد نےفائرنگ کر دی، واقعے کے بعد علاقہ مکینوں نے ان افراد کا تعاقب کیا۔دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے کہ پولیس اور علاقہ مکینوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 3 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی، جہاں دہشت گردوں کے ساتھ مقابلے میں جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 دہشت گرد موقع پر مارے گئے۔

 

واقعے کے کچھ دیر بعد دہشت گردوں اور پولیس پارٹی کے درمیان ایک بار پھر فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر جائے وقوع کے قریب ہر قسم کی ٹریفک کو بند کردیا گیا تھا۔

 

یاد رہے کہ اس سے قبل 8 فروری کو عام انتخابات 2024 کے موقع پر خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسمٰعیل خان اور بلوچستان کے ضلع خاران میں دہشت گردی کے 2 الگ الگ واقعات میں سیکیورٹی فورسز کے 6 اہلکار شہید جب کہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.