خیبرپختونخوا حکومت نے پی آئی اے کی نجکاری میں حصہ لینے کے لیے وزیر نجکاری کو دوبارہ خط لکھ دیا

94

پشاور: خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت نے قومی ائیرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے عمل میں شریک ہونے کے لیے وزیر نجکاری کو ایک بار پھر خط لکھا ہے۔

 

خط میں خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ بورڈ کی جانب سے پی آئی اے کی نجکاری میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا ہے اور یہ بھی بتایا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کو وزیراعلیٰ  کی مکمل حمایت حاصل ہے۔

 

خط میں کہا گیا ہے کہ یکم نومبر کو بھیجے گئے خط پر 10 دن گزر چکے ہیں، مگر ابھی تک وفاقی وزیر سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ اس لیے خیبرپختونخوا انویسٹمنٹ بورڈ نے وفاقی حکومت سے فوری جواب کی درخواست کی ہے تاکہ نجکاری کے عمل میں آگے بڑھا جا سکے۔

 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس سے قبل اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ان کی حکومت پی آئی اے کو خریدنے کے لیے تیار ہے اور اس ائیرلائن کو وہ اسی نام سے چلائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ پی آئی اے کے نجکاری کے عمل میں بھرپور حصہ لیں گے اور جہاں تک بھی بولی جائے گی، وہ حصہ لیں گے، لیکن کسی صورت میں پی آئی اے کی نجکاری کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

 

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اب یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ وفاقی حکومت کی نیت کیا تھی اور وہ پی آئی اے کو سستے داموں فروخت کرنے کی کوشش کر رہی تھی، جو وہ ہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تبصرے بند ہیں.