اسلام آباد: ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس میں شرکت کریں گے ۔
ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 16 سے 20 جنوری تک سوئٹزرلینڈ کا دورہ کریں گے ۔ وزیر خارجہ ڈیووس کا دورہ عالمی اقتصادی فورم کے صدر کی دعوت پر کر رہے ہیں ۔ وزیر خارجہ کے ہمراہ وزیر مملکت برائے خارجہ امور محترمہ حنا ربانی کھر بھی ہوں گی ۔
ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ وزیر خارجہ اور وزیر مملکت عصری عالمی اور علاقائی مسائل پر عالمی اقتصادی فورم کی متعدد تقریبات میں شرکت کریں گے ۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر خارجہ ابھرتی ہوئی جغرافیائی سیاسی حقیقتوں کے معاشی اور سماجی اثرات پر بات کریں گے ۔ وہ خطے کی سلامتی و استحکام کو درپیش چیلنجز پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کریں گے ۔ وہ موسمیاتی تبدیلی ، خوراک اور توانائی کی حفاظت ، مہنگائی میں سماجی کمزوریوں اور معاشی سرگرمیوں کی سست روی کے مسائل پر ترقی پذیر دنیا کے نقطہ نظر کو اجاگر کریں گے ۔
وزیر خارجہ اور وزیر مملکت سیاسی رہنماؤں ، کارپوریٹ ایگزیکٹوز ، بین الاقوامی اداروں کے سربراہان ، میڈیا اور سول سوسائٹی کی سرکردہ شخصیات سمیت شرکت کرنے والی معزز شخصیات سے بھی ملاقات کریں گے ۔
واضح رہے کہ عالمی اقتصادی فورم ہر سال سیاسی اور کاروباری رہنماؤں کو اکٹھا کرتا ہے تاکہ معاشی ، سماجی اور ماحولیاتی چیلنجوں پر قابو پانے کے راستے کی نشاندہی کی جا سکے ۔ اس سال کے فورم کا انعقاد "ایک بکھری ہوئی دنیا میں تعاون” کے عنوان سے کیا جا رہا ہے ۔
تبصرے بند ہیں.