اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرکے عمران نیازی نے اس مورچے کو تباہ کیا جس میں خود بیٹھا ہوا ہے، نیازی معاشی استحکام کا دشمن ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کے قتل کے بعد پاکستانی سیاست کی شہ رگ پر وار کیا گیا اور پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرکے عمران نیازی نے اس مورچے کو تباہ کیا جس میں خود بیٹھا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری ساری توجہ معاشی استحکام کی طرف ہے مگر نیازی معاشی استحکام کا دشمن ہے، مشکل معاشی حالات میں نیازی کے یہ کرتوت معیشت کو عدم استحکام کی طرف لے جانے کی ناپاک کوشش ہے تاہم اتحادی حکومت قومی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب میں رات کی تاریکی میں سب سے بڑے ڈاکو نے ڈاکہ ڈالا جبکہ چکر بازیوں میں عمران نیازی کا کوئی ثانی نہیں، کے پی اور پنجاب کے نالائق حکمران ملک کو کمزور کرنے کیلئے ہر حربہ استعمال کر رہے ہیں اور عوام کو آٹا تک میسر نہیں۔
تبصرے بند ہیں.