پولیس حراست میں وہی شخص ہے جس نے عمران خان کو نشانہ بنایا: قاتلانہ حملہ ناکام بنانے والے بہادر نوجوان ابتسام کا بیان
وزیر آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان پر قاتلانہ حملہ ناکام بنانے والے بہادر نوجوان ابتسام کا کہنا ہے کہ پولیس کی حراست میں وہی شخص ہے جسے میں نے پکڑا تھا ۔ فائرنگ اسی کے پسٹل سے ہوئی اور یہ آٹو میٹک تھا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ابتسام نے کہا کہ ملزم کنٹینر سے 15 سے 20 فٹ کے فاصلے پر تھا جب اس نے پسٹل نکالا اور اوپر کی طرف کیا تو میری اس پر نظر پڑ گئی ۔ میں نے اس کی طرف دوڑ لگائی تو اس وقت وہ ایک فائر کرچکا تھا ۔ میرے خیال میں خان صاحب کی ٹانگ پر جو گولی لگی ہے وہی ہے۔
ابتسام کا کہنا تھا کہ اس کے بعد میں نے ملزم کا ہاتھ پکڑ کر نیچے کیا تو پورا برسٹ فائر ہوگیا اور گولیاں قریب کھڑے لوگوں کو لگیں اور میری ٹانگوں کے نیچے سے بھی گزریں۔ اس کے بعد ملزم نے دوڑ لگائی تو میں نے بھی اس کے پیچھے دوڑ لگادی اور اسے پکڑ کر پولیس کےحوالے کیا۔
ابتسام نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ٹی وی پر جس شخص کا اعترافی بیان چل رہا ہے یہ وہی شخص ہے جسے میں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کیا تھا ۔
تبصرے بند ہیں.