پاکستان کو اسلحہ فراہمی سے متعلق بھارتی اعتراضات مسترد

38

واشنگٹن: امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پاکستان کو اسلحہ کی فراہمی سے متعلق بھارتی اعتراضات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا دفاعی پروگرام دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بناتا ہے اور ہم پابند ہیں کہ ہماری طرف سے فراہم کردہ فوجی ساز و سامان قابل استعمال رہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے واضح کیا کہ پاکستان کو دیا جانے والا ایف 16 طیاروں کا پروگرام نیا نہیں بلکہ ایک عرصے سے ہے اور پاکستان کو نئے طیارے، سسٹم یا نئے ہتھیار فراہم نہیں کئے جا رہے۔ 
انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان کیلئے منظور کردہ 450 ملین ڈالر کی ڈیل پہلے سے فراہم کئے گئے طیاروں کی دیکھ بھال کیلئے ہے تاکہ جو طیارے پاکستان کے پاس ہیں، انہیں برقرار رکھا جا سکے،  یہ ہماری ذمہ داری ہے اور ہم پابند ہیں کہ ہماری طرف سے فراہم کردہ فوجی ساز و سامان قابل استعمال رہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے بھارتی ہم منصب کو کہا کہ پاکستان کا دفاعی پروگرام دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بناتا ہے، ان خطرات میں اضافہ کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے، دہشت گردی کے واضح خطرات صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ اس کے پڑوسی ممالک سے بھی اٹھ رہے ہیں۔ 
واضح رہے کہ بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے انڈین امریکن کمیونٹی سے خطاب میں امریکہ کی جانب سے پاکستان کو F-16 طیاروں کی فراہمی پر شدید اعتراض کرتے ہوئے امریکی موقف پر تنقید کی تھی۔
جے شنکر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے F-16 طیارے دینے کی بات کر کے آپ کسی کو بے وقوف نہیں بنا سکتے جبکہ انہوں نے پاک، امریکہ تعلقات پر طنز کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان تعلقات سے دونوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

تبصرے بند ہیں.