اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل نے جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل خارج کرنے کا عدالتی فیصلہ اور 2 روزہ ریمانڈ کیلئے حکومت کی اپیل منظور کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں شہباز گل کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں میں ایڈیشنل سیشن جج وفاق، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، آئی جی اسلام آباد، ایس ایچ او تھانہ کوہسار، بیرسٹر غلام مصطفی چانڈیو کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کاجسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل خارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کے علاوہ سیشن جج زیبا چوہدری کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ دینے کا فیصلہ بھی کالعدم کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ شہباز گل کے خلاف 12 اگست کے بعد کی تمام تحقیقات، شواہد کو غیر قانونی قرار دیا جائے، ان کی حراست کو غیر قانونی اور بنیادی حقوق کے خلاف ڈکلیئر کیا جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کا جسمانی ریمانڈ سے متعلق حکومتی اپیل منظور کرنے کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دیا جائے اور شہباز گل پر تشدد کی انکوائری کیلئے آزادانہ، غیرجانبدار میڈیکل بورڈ بنایا جائے۔
تبصرے بند ہیں.