راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اجرتی قاتل اور منشیات فروش رانا ثناءاللہ نے میرے نام سے آڈیو جاری کی ہے جس کا مقصد جلیل احمد شرقپوری جیسے شریف آدمی کی عزت کو مجروح کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آڈیو لیک کے معاملے پر ویڈیو پیغام کے ذریعے ردعمل دیتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جلیل احمد شرقپوری ایک عظیم شریف، دیانت دار اور ناموس رسالت کی حفاظت کرنے والے انسان ہیں۔ اجرتی قاتل اور منشیات فروش رانا ثناءاللہ نے میرے نام سے جو آڈیو جاری کی ہے، اس میں فون کالز کو جوڑ کر ایسی باتیں منسوب کی گئی ہیں جس سے کسی شریف آدمی کی عزت کو مجروح کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ جلیل احمد شرقپوری کی عزت پر کسی قسم کا کوئی دھبہ نہیں ہے اور یہ حکومت کو تکلیف ہے کہ اس نے پرویز الٰہی کو استعفیٰ کیوں دیا جو وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔ میں ساری قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ اس حکومت کی حالت دیکھیں کہ یہ کس قسم کے گندے اور پراگندے ہتھکنڈوں پر آ گئی ہے اور وہ چینل جو ان ناشائستہ باتوں کو اچھالتے ہیں وہ اللہ کی پکڑ میں آئیں گے۔
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 17, 2022
ان کا مزید کہنا تھا کہ جلیل احمد شرقپوری کی میں قسم کھاتا ہوں کہ وہ نیک انسان ہیں اور میرا ان سے کوئی سیاسی تعلق یا رشتہ نہیں اور نہ میں صوبے کی سیاست کرتا ہوں، اور ان کو تکلیف یہ ہے کہ پرویز الٰہی کو انہوں نے استعفیٰ کیوں دیا، میری طرف سے جو باتیں جوڑ کر بنائی گئی ہیں اس میں کچھ باتیں میں نے مذاقاً کی ہیں، مگر ساری قوم دیکھ لے کہ یہ حکومت فون ٹیپ کرنے سے بھی باز نہیں آتی اور انشاءاللہ یہ اللہ کی پکڑ میں آئے گی۔
تبصرے بند ہیں.