اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر راجہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نائب چیئرمین شاہ محمود قریشی کی پریس کانفرنس کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کو 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے شاہ محمود قریشی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزامات پر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ 24 گھنٹوں کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔
ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ ملتان سمیت دیگر 19 حلقوں میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ثابت ہونے پر قانون کے تحت سخت سے سخت کارروائی کی جائے جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر تمام کارروائی سے چیف الیکشن کمشنر کو فوری آگاہ کرے۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پنجاب کے 20 حلقوں کا ضمنی انتخاب الیکشن کمیشن کیلئے بڑی آزمائش ہے اور ان انتخابات میں الیکشن کمیشن نے اپنی ساکھ کھو دی تو عام انتخابات کے نتائج قبول نہیں کریں گے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اگر اپنی ذمہ داری سے غافل رہا تو قوم کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا جبکہ اس سے الیکشن کمیشن کی ساکھ متاثر ہو گی، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی او کو کہا گیا ہے کہ مستقبل رزلٹ سے جڑا ہے۔
تبصرے بند ہیں.