اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے زرمبادلہ کے ذخائر کے بحران سے نمٹنے کیلئے غیر ضروری اور لگژری اشیاءکی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں ملک کی تشوشناک معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور شرکاءنے معاشی مشکلات سے نمٹنے اور روپے کی گرتی ہوئی قدر کو سنبھالا دینے کیلئے سخت فیصلے کرنے پر اتفاق کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں زرمبادلہ کے ذخائر کے بحران سے نمٹنے کیلئے غیر ضروری اور لگژری اشیاءکی درآمد پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے جبکہ اس فیصلے کا اطلاق فوری طور پر ہو گا، وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غیر ضروری اور لگژری اشیاءکی درآمد پر قیمتی زرمبادلہ خرچ نہیں ہونے دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے فیصلے کے بعد وزارت تجارت اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے لگژری اور غیر ضروری اشیاءکی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ وزیراعظم کی منظوری کی سمری موصول ہونے پر امپورٹ پالیسی آرڈر میں ترامیم کے ذریعے بڑی گاڑیوں، مہنگے موبائل فونز، کاسمیٹکس سمیت دیگر اشیاءکی درآمد پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درآمدات پر پابندی کا مقصد درآمدی بل کم کرنا ہے اور اس اقدام سے ماہانہ ایک ارب ڈالر کے لگ بھگ زرمبادلہ کی بچت متوقع ہے جبکہ روپے کی قدر میں استحکام و بہتری لانے میں بھی مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ پاکستان میں زرمبادلہ کے ذخائر میں شدید کمی ہوچکی ہے جو اس وقت 22 ماہ کی کم ترین سطح پر ہیں اور صرف ڈیڑھ ماہ کی درآمدات کیلئے کافی ہیں جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 200 روپے سے بھی مہنگا ہوگیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.