پہلا ٹیسٹ، بنگلہ دیش نے نیوزی لینڈ کیخلاف رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا

56

ماؤنٹ منگنوئی: بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ میچ میں بنگال ٹائیگرز نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز کا پہاڑ کھڑا کر کے 73 رنز کی برتری بھی حاصل کر لی ہے۔ 
ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز مہمان ٹیم بنگلہ دیش نے 175 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے اپنی پہلی ادھوری اننگز شروع کی مومن الحق اور لٹن داس کسی کے قابو میں نہ آئے جن کی عمدہ بلے بازی کی بدولت بنگال ٹائیگرز دن کے اختتام تک 401 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ 
کپتان مومن الحق نے 244 گیندوں پر 12 چوکوں کی مدد سے 88 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور لٹن داس نے 177 رنز پر 10 چوکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ محمود الحسن جوئے 78، نجم الحسین شنتو 64 رنز بنا سکے۔ یاسر علی 11 اور مہدی حسن 20 رنز بنا کر کریز پر موجود ہیں۔ 
نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 30 اوورز میں 61 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ نیل ویگنر نے 38 گیندوں پر 98 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ 
واضح رہے کہ بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی جو پہلی اننگز میں 108.1 اوورز میں 328 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی۔ ڈیوون کونوے 122 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے جبکہ ہینری نکولس 75، ول ینگ 52 اور راس ٹیلر 31 رنز بنا سکے تھے۔ 
بنگلہ دیش کی جانب سے تمام باؤلرز نے ہی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شوریف الاسلام اور مہدی حسن نے 3,3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مومن الحق نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عبادت حسین نے ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ 

تبصرے بند ہیں.