31 دسمبر تک پرائز بانڈز کیش کروا لیں، شہریوں کو آخری مہلت

123

لاہور:  وفاقی حکومت کی جانب سے مختلف مالیت کے پرائز بانڈز کی واپسی کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن 31 دسمبر تک ختم ہو جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت نے شہریوں کو  40 ہزار، 25 ہزار، 15 ہزار اور 7500روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی واپسی کیلئے31 دسمبر تک کی مہلت  دے رکھی ہے  جس کے بعد ان پرائز بانڈز کی کوئی قیمت نہیں ہوگی،  چاروں پرائز بانڈزکی قرعہ اندازی کا عمل ختم کر دیا گیا ہے اور شہریوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ اگر ان کے پاس ان مالیت کے پرائز بانڈز موجود ہیں تو 31 دسمبر سے پہلے ان کو کیش کروا لیں یا پریمیم بانڈز میں تبدیل کرنے کیلئے بینکوں سے رابطہ کریں۔ 
واضح رہے کہ حکومت متعدد بار  پرائز بانڈز کی واپسی کی مہلت  میں توسیع بھی کرچکی ہے، ستمبر میں بھی  ڈیڈ لائن  ختم ہونے سے قبل حکومت نے 3 ماہ کی توسیع کرتے ہوئے  آخری تاریخ 31دسمبر تک بڑھا دی تھی۔بینکنگ ذرائع کا کہنا ہے کہ پرائز بانڈز کی واپسی کیلئے پہلے ہی کافی  وقت دیا جاچکا ہے، اس لئے اب ڈیڈ لائن میں مزید توسیع  مشکل نظر آرہی ہے،امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ  بعض پرائز بانڈز کی واپسی کی تاریخ میں مزید توسیع ہو جائے گی، تاہم  40 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈ کی واپسی کیلئے مزید مہلت کا  امکان نہیں۔
یاد رہے کہ حکومت نے 40ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈزکی خرید وفروخت 24 جون 2019 کو بند کرتے ہوئے واپسی کی آخری تاریخ 30 مارچ 2020 مقرر کی تھی،علاوہ ازیں  9 دسمبر 2020 کو 25ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز کی واپسی کیلئے ڈیڈ لائن دی گئی تھی  جبکہ 15ہزار اور ساڑھے 7 ہزار روپے مالیت کے پرائز بانڈز 29اپریل کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ مجموعی طور پر اب تک 4 پرائز بانڈز بند کئے جاچکے ہیں اور 4 پرائز بانڈز کی معمول کے مطابق خرید وفروخت اور قرعہ اندازی ہورہی  ہے  جن میں 100، 200، 750 اور 1500روپے مالیت کے پرائز بانڈز شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پرائز بانڈز بند کرنے کا فیصلہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیاہے ۔

تبصرے بند ہیں.